حکومت کو کوئی خطرہ ہے نہ عمران خان اور عثمان بزدار کہیں جارہے ہیں

راولپنڈی(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ قوم کو شریفوں، زرداریوں اوران کے ایجنٹوں سےخطرہ ہے،حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہیں نہیں جارہے،اتحادی جماعتیں موجودہ حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت کے بارے میں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ،قوم کو شریفوں، زرداریوں اوران کے ایجنٹوں سے خطرہ ہے،کوئی بھی عمران خان کی دیانت داری پرحرف نہیں اٹھاسکتا،عمران خان کی شرافت کی قسم کھا سکتاہوں۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیراعظم

عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے جو وزیراعلیٰ پنجاب سے ناراض ہیں وہ جلد مان جائیں گے، جو کرپٹ ہوگا وہ عمران خان کی کیبنٹ میں نہیں رہے گا،کیبنٹ میں چینی کی مہنگائی پر بات کریں گے،ہم نےکبھی بدمعاشی اورقبضےکی سیاست نہیں کی۔وزیرریلوے نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے کچھ غلطیاں ہوئیں لیکن حکومت میں کرپشن کا نام و نشان تک نہیں ہے،غریب ، غریب اور امیر طاقتور ہو رہا ہے ،جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی شوگر ملز ہیں مگر شوگر مافیا بھی ہے، غلطیاں ہم سے ہوئیں مگر عمران خان ہی اس مہنگائی کو ختم کرے گا۔وفاقی وزیرشیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نےخیبرپختونخوا اورپنجاب میں شریف لوگوں کووزیراعلی بنایا ،عمران خان لاہورجائیں گے،اچھی خبریں آئیں گی،شوگرمافیا بہت بڑامافیا ہے،مہنگائی کے جن سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی منتخب لوگوں کی ہونی چاہیئے، ٹیکنوکریٹس کی کمیٹیاں صحیح کام نہیں کرتیں،مہنگائی کا جن باہر آگیا،اس جن کو بوتل میں بند کرکےرہیں گے،چوروں ڈاکوؤں نے ملک کو لوٹا، حکومت کو خزانہ خالی ملا تھا،آئی ایم ایف کے پاس جانامجبوری تھی، 6بلین ڈالر کے لیے پابندیوں سے گزرنا پڑا،حکومت 2021میں مسائل حل کرلےگی۔حکومت کی اتحادی جماعتوں کے تحفظات سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں،جلد ایم کیو ایم اور ق لیگ کی ایم کیوایم کی باتیں جائزہیں،پرویزالہٰی بھائیوں کی طرح ہیں،ناراض اتحادی راضی ہوجائیں گے،چوروں اورڈاکوؤں کی وجہ سےمہنگائی بڑھی،ملک کولوٹاگیا،معیشت بہت بری حالت میں ملی،2021میں مسائل حل کرلیں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی وہ واحد شہر ہوگا جس میں 4یونیورسٹیاں ہوں گی،اپنے حلقے والوں سے کئے وعدے پورے کرکے سیاست سے کنارہ کش ہو جاؤں گا۔