عمران خان کواپنے دائیں بائیں کاپتانہیں ، کرپشن کیسےختم کریں گے،مصطفیٰ کمال

کراچی(نیوز ڈیسک)پاک سر زمین پارٹی(پی ایس پی )کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ عمران خان کو اپنے دائیں بائیں کا پتانہیں،کرپشن کیسے ختم کریں گے؟ گندم پہلے سستے داموں باہر بیچ دی،اب مہنگی خریدی جارہی ہے، جس دن عوام اٹھ کھڑے ہوئے ملک سے ظالموں کا خاتمہ ہوجائے گا۔مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان ہاوس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال نے ایک بار پھر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خدارا کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لگانا چھوڑ دیں ،ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں کرپشن کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی چلی جا رہی ہے ،یہاں ریاست مدینہ کا نام لے کر لوگوں کی تذلیل کی جاتی ہے ۔مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا ہمارے لیے وزارت لینا کوئی بڑِی بات نہیں ، جس بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کروں وزیر بن جاؤں گا ، ہم اللہ کی رضا کے لیے مخلوق خدا

کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ تبدیلی سرکار میں بے روزگاری، مہنگائی کی بڑھتی شرح اور اشیائے خورونوش کے فقدان نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ پریس کانفرنس کے دوران چئیرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفی کمال نے لاڑکانہ میں رہنے والوں کو ان کے دن پھرنے کی نوید بھی سنا دی ۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان کے دن پھرنے کے دن آگئے ہیں، بس وہ ہمارا ساتھ دیں،پاکستان میں رہنے والے ہر انسان کے پاس ہم جائیں گے،سوچا نہیں تھا لاڑکانہ اس طرح استقبال کرے گا،پی ایس پی اس ملک کے کونے کونے میں جائے گی۔چیئرمین پی ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں کوئی کام رشوت کےبغیرنہیں ہورہا،ملک میں رشوت کےریٹ بڑھ گئےہیں،آٹا وافرمقدارمیں موجودتھا،کم قیمت پرایکسپورٹ کردیاگیا،عمران کو اپنے دائیں بائیں کا پتانہیں،کرپشن کیسے ختم کریں گے؟ جس دن عوام اٹھ کھڑے ہوئے ملک سے ظالموں کا خاتمہ ہوجائے گا۔