کشمیری اپنے حق کی جنگ لڑ رہے ہیں، مودی جہاں بھی جائے گا اس کا پیچھا کریں گے، راجہ سکندر

میرپور(پی کے نیوز) گلوبل پاکستان کشمیر سپریم کونسل کے چیئرمین راجہ سکندر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چھ ماہ سے لاک ڈاون ہے، کشمیری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں، قابض بھارتی افواج نے کشمیریوں پر ظلم وستم کی انتہا کردی ہے، ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے پہلے بھی یکطرفہ بھارتی فیصلے کو نہیں مانا آئندہ بھی نہیں مانیں گے، راجہ سکندر میرپور یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی میں کشمیر ڈے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے، ان کا کہنا تھا کہبیرون ملک مقیم پاکستانی کشمیریوں کے حق میں زبردست مہم چلا رہے ہیں، کشمیریوں کے حق میں زبردست

مہم چلانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،راجہ سکندر کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر سکھ بھی کشمیریوں کا ساتھ دے رہے ہیں، سکھ اور کشمیر ملکر بھارت سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں، راجہ سکندر خان نے کہا ہے کہ سال دو ہزار بیس میں مودی دنیا میں جہاں جہاں جائے گا اس کا پیچھا کریں گے، دنیا کے سامنے مودی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر کے رہیں گے، ان کا کہنا تھا کہ کشمیر یکجہتی ڈے منانے سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں، کشمیری کبھی اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہونگے، ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی مظالم کو اجاگر کرے۔