فیروز خان حمزہ علی عباسی کے نقش قدم پر چل پڑے

اسلام آباد(ویب ڈیسک)سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش ہیں کہ فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان حمزہ علی عباسی کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں۔ان خبروں کو تقویت فیروز خان کی اہلیہ علیزے فیروز کی جانب سے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن (ایپ) انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اسٹوری سے ملی ہے۔علیزے فیروز نے انسٹاگرام پر اپنی اور فیروز خان کی تصویر شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے اپنے شوہر کے روحانی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ خدا کرے یہ سفر آپ کی زندگی میں مزید سکون لائے اور حقیقی مقصد کو پورا کر سکے۔دوسری جانب فیروز خان نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی بند کر دیا ہے جس کی وجہ سے ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کہ کہیں وہ اداکاری چھوڑ تو نہیں رہے۔اس حوالے سے اداکار کا کوئی بیان اب تک سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ قبل ازیں فیروز خان کی معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کے ساتھ چند تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔مولانا طارق جمیل کے ساتھ تصویریں وائرل ہونے اور اس کے بعد اان کی اہلیہ کے پیغام اور اداکار کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بند کیے جانے سے یہ تاثر لیا جارہا ہے کہ وہ بھی حمزہ علی عباسی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر گئے ہیں۔واضح رہے کہ فیروز خان کی بہنیں حمائمہ ملک اور دعا ملک شوبز انڈسٹری سے ہی وابستہ ہیں۔فیروز خان نے شوبز میں کریئر کا آغاز میزبانی سے کیا تھا اور 2014 میں ڈرامہ سیریل ’چپ رہو‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا کر باقاعدہ طور پر اداکاری کے میدان میں قدم رکھا۔2016 میں ’زندگی کتنی حسین ہے‘ کے ذریعے انہوں نے بڑے پردے پر انٹری دی اور 2018 میں علیزے سے رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے۔