بابر اعظم نےورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں زیادہ رنز بناکر بہترین بلے بازوں کی فہرست میں ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

لاہور(نیوز ڈیسک ) پاکستان کےبیٹسمین بابراعظم کے بلا کرکٹ کےتینوں فارمیٹ میں رنز اگل رہا ہے۔ بابراعظم شاندار بیٹنگ سے ایک ایک کرکٹ ریکارڈ بھی بناتے جارہے ہیں۔ بابراعظم نے راولپنڈی میں بنگلہ دیش کےخلاف ٹیسٹ میچ میں بھی شاندار کھیل پیش کیا اور 143 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس اننگز نے بابراعظم کو ویرات کوہلی سے بھی آگے پہنچادیا۔بابراعظم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں بہترین بلےبازوں کی فہرست میں ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بابراعظم کےآئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 5 میچز میں 615 رنز ہوگئے ہیں،انہوں نے یہ رنز 102.50 کی اوسط سے سکور کیے ہیں

جن میں 4 سنچریاں اور2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ویرات کوہلی نے 7 میچز میں 589 رنز بنائےہیں۔ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں آسٹریلیا کےمارنس لبوشین 9 میچز میں 1249 رنز کےساتھ پہلے نمبرپرہیں۔ یاد رہے کہ 25 سالہ بابر اعظم اس وقت تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 5 بلےبازوں کی فہرست میں شامل واحد بیٹسمین ہیں ۔دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی۔قومی بلے باز بابر اعظم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں2درجے ترقی پاکر پانچویں پوزیشن پر آگئے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)کی نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق بھارتی ٹیم سرفہرست ہے جبکہ آسٹریلیا دوسرے، انگلینڈ تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے اور جنوبی افریقہ پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔قومی ٹیم کی رینکنگ میں ساتویں پوزیشن ہے۔بلے بازوں کی فہرست میں قومی بلے باز بابر اعظم کی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں دو درجے ترقی ہو گئی ہے اوربابر اعظم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔بھارتی کپتان ویرات کوہلی پہلی،اسٹیو اسمتھ دوسری ، مارنس لبوشین تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ اسد شفیق ایک درجے ترقی پاکر18ویں،اظہر علی27ویں،شان مسعود32ویں اور حارث سہیل52ویں نمبر پر موجود ہیں۔ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ 10 بولرز میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں،پٹ کمنز پہلے، نیل ویگنردوسرے،جیسن ہولڈرتیسرے،ربادا چوتھے،مچل سٹارک 5ویں نمبر پر موجود ہیں۔پاکستان کے محمد عباس 14ویں، یاسر شاہ 23ویں اور شاہین شاہ آفریدی 32 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ آل رائونڈرکیٹیگری میں جیسن ہولڈرپہلے،بن سٹوکس دوسرے،رویندرا جدیجہ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آل رائونڈرکیٹیگری میں بھی پہلے دس کرکٹرز میں کوئی پاکستانی کھلاڑی موجود نہیں۔