اداکار فیروز خان دین کی جانب راغب ، روحانی سفر کا آغاز کردیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان شوبز اندسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ گھر، گاڑی، بنگلہ، شہرت نہیں خدا سے صرف صراط مستقیم مانگیں۔فیروز خان نے حال ہی میں اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کر دیا تھا، ان کی اہلیہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان کے روحانی سفر کی شروعات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا جس سے ان کے مداحین کو خبر ملی تھی کہ ان کا رجحان اب روحانیت کی طرف ہو گیا ہے۔اس خبر کے ساتھ ہی ان کے مداحوں کو یہ تشویش بھی لاحق ہو گئی تھی کہ کہیں وہ اداکاری سے کنارہ کشی تو نہیں اختیار کر رہے۔اس حوالے سے فیروز خان کا کسی بھی قسم کا کوئی موقف سامنے نہیں آیا تھا تاہم اب انہوں نے میڈیا اپیئرنس دی ہے اور اپنے روحانی سفر کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔ایک نجی ٹی وی

چینل کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے اپنے روحانی سفر اور دین کی جانب رغبت سے متعلق گفتگو کی جس میں انہوں نے بتایا کہ اب اپنی زندگی میں بہت سکون محسوس کر رہا ہوں۔فیروز خان کا مزید کہنا تھا کہ روحانیت کے اس سفر نے مجھے سکھایا ہے کہ ہم صرف انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی حیثیت میں سوچنے کے پابند ہیں اور ہمیں معاشرے کی فلاح و بہبود کو بھی ہمیشہ ذہن میں رکھنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری زندگی کا مقصد عظیم اللہ تعالیٰ کو راضی کرناا ور اپنے مقصد حیات کو جاننا ہے۔فیروز خان نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں ہے کہ میں اللہ کے قریب ہوں یا نہیں لیکن میں اس کی کوشش ضرور کر سکتا ہوں، یہ اللہ کا کرم ہوگا اگر وہ مجھے اپنے قریب کر لے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب مجھے اللہ کے ذکر اور عبادت میں خوشی ملنا شروع ہو گئی ہے۔