پاکستان آکر اجنبی محسوس نہیں کرتا ،پاکستان کو اپنا گھر سمجھتا ہوں، ترک صدر

اسلام آبد(نیوز ڈیسک)ترک صدر رجب طیب اردوان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ترکی کے لیے وہی ہے جو پاکستان کے لیے ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا استقبال کیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، رہنما ن لیگ خواجہ آصف سمیت اراکین کی بڑی تعداد اجلاس مشترکہ اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔پارلیمنٹ کے مشترکہ

اجلاس میں شرکت کے لیے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود ہیں۔پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا جس کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پاکستان کے عوام کے نمائندہ ایوان کی طرف سے ترک صدر رجب طیب اردوان کو خوش آمدید کہا۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کے عوام کو نمائندہ ایوان کے توسط سے سلام محبت پیش کرتا ہوں، مشترکہ اجلاس سے خطاب کا موقع فراہم کرنے پر سب کا شکر گزار ہوں، جس طرح سے پاکستان میں پرجوش استقبال ہوا اور مہمان نوازی ہوئی اس پر پوری پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں۔ترک صدر نے مزید کہا کہ پاکستان آکر لگتا ہے کہ اپنے گھر آیا ہوں،یہاں آ کر کبھی اجنبی محسوس نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنا ہی گھر سمجھتا ہوں۔اپنے ہی گھر میں آپ کے ساتھ ہوں۔پاکستان اور ترکی کے تعلقات قابل رشک ہیں۔ ترک صدر طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی مشترکہ مذہب ،ثقافت اور اقدار کے حامل ہیں، ہماری دوستی مفاد پر نہیں محبت پر پروان چڑھی ہے،ہمارا دل کا رشتہ ہے،ہماری دوستی اخوت پر مبنی ہے۔میرے پاکستانی بہن بھائیوں آپ سے نہیں تو کس سے محبت کریں گے۔پاکستان کی کامیابی ترک کی کامیابی ہے۔کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترک صدر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ کشمیر ترکی کے لیے وہی ہے جو پاکستان کے لیے ہے، پاکستان کا درد ترکی کا درد ہے اور پاکستان کی خوشی ترکی کی خوشی ہے۔ترک صدر نے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان

کی جانب سے ساتھ دینے پر ان کے شکر گزار ہیں اور ماضی کی طرح مستقبل میں بھی دونوں ممالک کا تعاون اور ساتھ جاری رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کے معاملات میں ہم پاکستان کے ساتھ تعاون کو آئندہ بھی جاری رکھیں گے اور ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو ترکی کی بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہیں۔رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستانی حکومت کے مثبت اقدامات سے سرمایہ کاری اور تجارت کا ماحول سازگار ہو رہا ہے لیکن اقتصادی ترقی چند دنوں میں حاصل نہیں ہوتی بلکہ اس کے لیے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی مفاد پر نہیں بلکہ عشق و محبت

پر مبنی ہے، پاکستانی قوم نے جس طرح اپنا پیٹ کاٹ کر ہماری مدد کی تھی اسے کبھی فراموش نہیں کر سکتے، اللہ سے دعا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان محبت ہمیشہ قائم رہے۔خیال رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان گزشتہ روز دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔ترک صدر کو ایوان وزیراعظم میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا تھا جب کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترک ہم منصب کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا تھا۔