پنشن میں کتنے فیصد اضافہ کردیا ،اضافے کا اطلاق کب سے ہوگا، جانئے تفصیلات

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے ای او بی آئی پنشنرز کو خوشخبری سنا دی، 4 لاکھ پنشنرز کی فی کس پنشن میں 2 ہزار روپے اضافہ کردیا، پنشن میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2020ء سے ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ای او بی آئی کے 4 لاکھ پینشنرز کو مہنگائی کے موجودہ دور میں ریلیف دینے کیلئے اچھی خبر سنا دی ہے۔ ای اوبی آئی بورڈ نے پنشن میں 2 ہزار روپے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن ماہانہ 8500 رورپے مقررکرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنشن میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2020ء سے ہوگا۔ پنشن میں اضافے کا نوٹی فکیشن چند روز میں جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام کے نزدیک اس وقت ای او بی آئی پنشنرزکی پنشن 6500 روپے ہے۔موجودہ حکومت پہلے بھی ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں 1250روپے

کا اضافہ کرچکی ہے۔یاد رہے موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا توپنشنرز کی ماہانہ پنشن 5 ہزار250 روپے تھی۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کیے جانے والے اعلان پر گزشتہ 2 ماہ سے عملدرآمد نہیں ہو پایا تھا۔ اب ای او بی آئی بورڈ کی منظوری کے بعد وزیراعظم کے فیصلے کا اگلے ماہ سے باقاعدہ اطلاق کر دیا جائے گا۔اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر خاص زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے سے قبل ای او بی آئی کا ادارہ نقصان میں جا رہا تھا، تاہم اب مختلف منصوبے شروع کر کے اور سرمایہ کاروں کو راغب کر کے ادارے کو منافع بخش ادارے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ زلفی بخاری اس عزم کا اظہار کر چکے ہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت کی مدت پوری ہونے تک کم سے کم پنشن 15 ہزار روپے تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔