زندگی کرکٹ سے زیادہ پیاری ہے، بین ڈنک

لاہو(نیوز ڈیسک) پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے بین ڈنک کا کہنا ہے کہ زندگی کرکٹ سے زیادہ ضروری ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل 2020ء کے سیمی فائنل اور فائنل میچز کی فوری معطلی کے بعد بین ڈنک نے اپنے پیغام میں لاہور قلندرز کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا کہا اور ساتھ ہی یہ بھی لکھا کہ امید ہے کہ جلد ہی آپ سب سے دوبارہ ملاقات ہو گی۔واضح رہے کہ 33 سالہ آسٹریلوی کرکٹر بین ڈنک نے پی ایس ایل کے سیزن فائیو میں لاہور قلندرز کو میچ جتوانے میں متعدد بار اہم کردار ادا کیا تھا۔بین ڈنک کی جارحانہ اننگز

کی بدولت ہی لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب بھی رہی تھی۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔لاہور میں پی سی بی اور فرنچائزز مالکان کا اجلاس ہوا۔ پی سی بی نے فرنچائزز مالکان سے مشاورت کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا حتمی فیصلہ کیا۔پی سی بی نے براڈ کاسٹنگ ٹیم کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک فرنچائز غیر ملکی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کی وجہ سے مزید نہیں کھیلنا چاہتی تھی۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ایس ایل 2020ء کو ملتوی کردیا گیا ہے اور بقیہ میچز کو نئی تاریخوں میں کرایا جائیگا۔پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے تھے۔ پہلا سیمی فائنل ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان جب کہ دوسرا سیمی فائنل لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان تھا۔ تاہم اب حتمی طور پر ایونٹ کو ختم کرنیکا اعلان کردیا گیا ہے۔ ماہرین اور تجزیہ کاروں نے بورڈ کے اس فیصلے کو درست قدم قرار دیا۔پی ایس ایل 5 کے اب تک کے مقابلوں میں پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز سرفہرست، کراچی کنگز دوسرے، لاہور قلندرز تیسرے اور پشاور زلمی چوتھے نمبر پر موجود رہی۔واضح رہے کہ پوری دنیا اس وقت ایک جان لیوا خطرناک کورونا وائرس کووڈ-19 کی لپیٹ میں ہے۔ پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 245 ہوگئی ہے جبکہ دنیا میں اس خطرناک وائرس سے 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔