اسلام آباد میں خود کو گھر میں قرنطینہ کیا ہوا کوروناوائرس کامریض جان کی بازی ہار گیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آباد میں کوروناوائرس کا مریض دم توڑ گیا، مریض نے خود کو گھر میں قرنطینہ کیا ہوا تھا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی 13میں کوروناوائرس کا مریض دم توڑ گیا، ذرائع کے مطابق مریض نے خود کو گھر میں قرنطینہ کیا ہوا تھا۔ وزارت صحت کی ٹیم نے لاش برآمد کرنے کے بعد گھر میں سپرے کا عمل شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مریض کی فیملی اور رابطے میں رہنے والے لوگوں کی سکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کچھ دیر قبل اسلام آباد کے علاقہ شہزاد ٹائون میں لاہور سے آئے تبلیغی جماعت کے رکن میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کہ بعد علاقہ کو سیل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1102 ہوگئی اور آٹھ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور21 صحتیاب ہوچکے ہیں۔کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی ویب سائٹ covid.gov.pk پر جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ 417، پنجاب میں323، بلوچستان میں131، خیبر پختونخوا121، گلگت بلتستان میں84، اسلام آباد میں 25جبکہ آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں وائرس سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے۔کورونا کے اب تک 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ پانچ کی حالت تشویش ناک اور 8 افراد مہلک وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔