کوروناوائرس، چین کا سندھ حکومت کو خصوصی عطیہ

کراچی(نیوز ڈیسک) چینی حکومت نے سندھ حکومت کو 500000 فیس ماسک عطیہ کیے ہیں جو وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کے روز کارگو ٹرمینل پر وصول کیے۔چین نے 500000 فیس ماسک بشمول 50000 این 95 سندھ حکومت کو عطیہ کیے ہیں جو وزیراعلی سندھ نے کارگو ٹرمینل پر وصول کیے۔ بدھ کی صبح چین کا ایک خصوصی طیارہ سامان لے کر آیا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پاک چین قومی پرچموں کے بینر تلے کھیپ وصول کرنے کی تقریب ادا کی ۔وزیراعلی سندھ نے سندھ کے عوام کی جانب سے چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کورنا وائرس کے خلاف جنگ میں ان کا ہاتھ بٹایا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1102 تک پہنچ گئی ہے جب کہ وائرس سے 8 مریض جاں بحق اور 21 صحت یاب ہوچکے ہیں۔وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1102 تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ میں اب تک 417، پنجاب میں 323، بلوچستان میں 131، گلگت بلتستان میں 84، خیبر پختونخوا میں 121جب کہ اسلام آباد میں 25 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں اب تک 8 افراد جاں بحق اور 21 صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 5 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔