پاکستان میں کورونامریضوں کی تعداد 1100سے تجاوز کرگئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1106 ہوگئی اور آٹھ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں.کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی ویب سائٹ covid.gov.pk پر جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ 421، پنجاب میں323، بلوچستان میں131، خیبر پختونخوا121، گلگت بلتستان میں84، اسلام آباد میں 25جبکہ آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں. کورونا کے اب تک 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ پانچ کی حالت تشویش ناک اور 8 افراد مہلک وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہومیں

سولہ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعدعلاقے کو سیل کردیا گیا، مردان کی یونین کونسل منگا میں بھی انتالیس افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔کوئٹہ کے علاقوں مری آباد اور ہزارہ ٹاؤن کو بھی سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف سیکریٹری بلوچستان کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو بھی لاک ڈاؤن کریں گے۔کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور صوبوں کے درمیان زمینی و فضائی راستے بھی بند ہیں۔حکومت نے لوگوں کے گھروں سے غیر ضروری نکلنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور تمام نجی و سرکاری ادارے بند ہیں۔پاکستان کے مختلف مکاتب فکر کے علما نے متفقہ اعلامیے میں کہا ہے کہ پچاس سال سے زائد عمر کے افراد مساجد میں نہ آئیں اور کوروناوائرس کے مشتبہ افراد بھی گھروں میں رہیں۔مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ نابالغ بچے مسجد میں نہ آئیں، مساجد سے قالین اٹھا دیں، جمعہ کی تقریر میں کورونا کی آگاہی دی جائے۔ مفتی تقی عثمانی نے بھی احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا ہے۔حکومت نے کورونا کے باعث سوا کھرب روپے کا پیکج جاری کیا ہے جو صوبوں کی مشاورت سے استعمال کیا جائے گا۔