ایک ہی روز میں 4پروازیں، سعودی عرب میں پھنسے کتنے پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچانے کے لیے پی آئی کا فلائٹ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پی آئی کی تین خصوصی پروازوں کے ذریعے 530 مسافروں کو وطن واپس پہنچا دیا گیا۔ اس کے علاوہ سعودی عربیئن ایئر لائنز کی ایک خصوصی پروازنے بھی سینکڑوں پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا۔پی آئی کی جانب سے ریاض سے ملتان کے لیے دو پروازیں چلائی گئیں جن میں 140,140مسافر سوار تھے، اس طرح مجموعی طور پر 280 پاکستان گزشتہ روز ملتان پہنچے۔جبکہ پی آئی اے کی ایک خصوصی پرواز ریاض سے 250 پاکستانیوں کو لے کر پشاور ایئر پورٹ اُتری۔

اس کے علاوہ سعودی عربیئن ایئر لائنز کی ایک خصوصی پرواز نے سینکڑوں پاکستانیوں کو اسلام آباد پہنچایا۔پشاور جانے والی پرواز سے سولہ پاکستانیوں کی میتیں بھی بھیجی گئی ہیں۔پاکستانی مسافروں کو رخصت کرنے کے لیے سعودیہ میں تعینات پاکستانی سفیر راجہ اعجاز، ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔جدہ سے اب تک 1700 افراد کو پاکستان پہنچایا جا چکا ہے جبکہ ریاض سے 1434 پاکستانی واپس جا چکے ہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل حکومت پاکستان کی جانب سے سعودی عرب میں پھنسے ہزاروں پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے یکم جون سے 10 جون تک 16 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا گیا تھا، جن کے ذریعے تین ہزار پاکستانیوں کی واپسی ممکن ہو سکے گی۔ان پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو سعودی عرب سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹ اُتارا جائے گا۔اس شیڈول میں پی آئی اے کی 9 اور سعودی عریبین ایئرلائنز کی 7 پروازیں شامل ہیں۔آج 3 جون کو سعودی عریبین ایئرلائنز کی 2 پروازیں کراچی ایئرپورٹ جبکہ ایک باچا خان ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔سعودی عریبین ایئرلائنز کی پرواز 4 جون کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کو واپس لائے گی جبکہ اسی ایئرلائن کی پرواز 5 جون کو مسافروں کو سعودی عرب سے کراچی لائے گی۔6 جون کو پی آئی اے کی پرواز پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پہنچے گی جبکہ 7 جون کو سعودی عریبین ایئرلائن کی پرواز کراچی پہنچے گی۔ 8 جون کو پی آئی کی 3 علیحدہ پروازیں لاہور، ملتان اور پشاور ایئرپورٹس پر لینڈ کریں گی۔9 جون کو سعودی عریبین ایئرلائنز کی پرواز لاہور کے لیے اڑان بھرے گی جبکہ پی آئی اے کی پرواز اسی روز ملتان پہنچے گی۔سعودی عرب سے پی آئی اے کی پرواز 10 جون کو کراچی ایئرپورٹ جبکہ ایک اور پرواز ملتان ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔