تحریک انصاف آزاد کشمیر اسمبلی میں خواتین کی نشستوں میں اضافہ کرے گی،بیرسٹرسلطان محمود

مظفرآباد(پی کے نیوز)آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور عمران خان کے ویژن کے مطابق ہم انہیں معاشرے میں برابر مقام دینا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہم آزاد کشمیر اسمبلی میں خواتین کی نشستوں میں اضافہ کریں گے اول تو ہم موجودہ حکومت سے کہیں گے کہ وہ خواتین کی نشستوں میں اضافہ کے لئے اسمبلی میں بل پاس کرے اگر ایسا نہ ہو سکا تو پی ٹی آئی آزاد کشمیر حکومت میں آکر نشستوں میں اضافہ کرے گی تاکہ خواتین خود خواتین کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لئے کام کرسکیں۔

میں پی ٹی آئی آزادکشمیر خواتین ونگ سے بھی کہوں گا کہ وہ خواتین کے حقوق کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور چونکہ ہمارا معاشرا قدامت پسند معاشرہ ہے تو ہمیں ایسی خواتین کو آگے لانا چاہیے جو تعلیمی یافتہ،اچھے کردار کی حامل ہوں اورسوشل ورک کرنے والی ہوں تاکہ وہ خواتین کو حقوق دلانے کے لئے فعال کردار ادا کر سکیں۔کیونکہ معاشرے کی ترقی میں خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں پی ٹی آئی کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل خولہ خان کی رہائشگاہ پر خواتین گورننگ باڈی کی اراکین جو کہ صبا شمشاد ایڈووکیٹ اور گلشن مہناس کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے پورے آزادکشمیر سے آئیں تھیں گلشن منہاس کے بھائی کی وفات پر تعزیت کے بعد خولہ خان کی طرف سے دئیے گئے عشائیے میں شریک تھیں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے سئیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں میں آئے روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اسی طرح پوری دنیا میں کورونا کے بڑھنے میں بھی شدت آئی ہے۔میں آزاد کشمیر اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے بعد سماجی دوری کے ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرونگا کیونکہ اب آزادکشمیر میں الیکشن کا وقت قریب اسلئے ہمیں اب اسکے لئے بھرپور تیاری کرنی چاہیے۔کیونکہ آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور اسلئے یہاں پر ایک ایسی حکومت آنی چاہیے جو مسئلہ کشمیر کو بھی اٹھا سکے اور آزاد کشمیر کے عوام کی تعمیر و ترقی کے لئے اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کو اقتصادی طور پر بھی خود کفیل بناتے ہوئے آگے بڑھ سکے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر آزاد کشمیر میں ہونے والے آئندہ الیکشن کے لئے ٹکٹوں کی تقسیم پر خواتین کو نظر انداز نہیں کرے گی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر صبا شمشاد ایڈووکیٹ اور گلشن منہاس کو اپنے اپنے عہدوں کاحلف اٹھانے مبارکباد دی اور پی ٹی آئی کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل خولہ خان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے پورے آزادکشمیر کی پی ٹی آئی ویمن ونگ کی گورننگ باڈی کی اراکین کے لئے بھرپور عشائیے کا اہتمام کیا۔اس موقع پرعشائیے میں پی ٹی آئی کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل خولہ خان کے علاوہ پی ٹی آئی کشمیر ویمن ونگ کی سینئر نائب صدر صبیحہ صدیق میرپور، سیکریٹری جنرل گلزار فاطمہ مظفر آباد،نائب صدر بیگم امتیاز نسیم باغ،ڈپٹی سیکریٹری جنرل شاہدہ نقوی،ڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مریم خان بھمبر، سیکریٹری اطلاعات عنبرین ترک، صبا شمشاد ایڈووکیٹ ڈپٹی سیکریٹری جنرل، گلشن منہاس ڈپٹی سیکری، رابعہ خان،ناہید ایوب راجہ ایڈووکیٹ بھی موجود تھیں۔