کورونا کی نیگیٹو رپورٹ سوشل میڈیا پر شیئر کیوں کی؟وسیم خان نے فون کرکے محمد حفیظ کی کلاس لے لی

لاہور (نیوز ڈیسک ) پی سی بی حکام محمد حفیظ کے رویے سے ناراض ہوگئے، چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کورونا رپورٹ سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر فون کرکے کلاس لے لی۔ذرائع کے مطابق وسیم خان نے کہاکہ ٹویٹ سے پاکستانی ٹیسٹنگ نظام کی جگ ہنسائی ہوئی، رپورٹ پبلک کرنے سے پہلے آپ کو پی سی بی سے بات کرنی چاہیے تھی، اس قدم سے مایوسی ہوئی ہے، اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔جواب میں حفیظ نے موقف اختیار کیا کہ وہ پازٹیو رپورٹ آنے پر بہت تناؤ میں تھے، ایک آفیشل سے رابطہ کیا لیکن کوئی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا

جس پر ایسا کیا۔ذرائع کے مطابق نیگیٹو رپورٹ آنے کے باوجود سابق کپتان نے پی سی بی کی ہدایات کے تحت خود کو الگ ایک کمرے تک محدود کررکھا ہے۔یاد رہے کہ دورہ انگلینڈ سے قبل کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تو7 پاکستانی کرکٹرز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جن میں محمد حفیظ، فخر زمان، کاشف بھٹی، عمران خان، محمد حسنین، وہاب ریاض اور محمد رضوان کے نام شامل ہیں۔پی سی بی کی جانب سے کرائے جانے والے ٹیسٹ کے بعد محمد حفیظ نے اپنے طور پر دل کی تسلی کے لیے پرائیویٹ لیبارٹری سے ٹیسٹ کرایا تو ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا۔