پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار جاری، 100انڈیکس میں زبردست اضافہ

کراچی (نیوز ڈیسک) دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار جاری ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کاروبار کے آغاز میں ہنڈرڈ انڈیکس میں 99 پوائنٹ اضافہ جبکہ ہنڈرڈ انڈیکس34 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حملے کے باوجود بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار ایک لمحہ کے لئے بھی نہیں رکا، ٹریڈنگ ہوتی رہی جس کے نتائج بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔خیال رہے کہ پولیس نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملہ ناکام بنا دیا ہے اور فائرنگ کے تبادلے میں تمام چار حملہ آور مارے گئے ہیں۔

سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق 5 لاشیں اور3زخمیوں کو لایا جا چکا ہےتاہم ان کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں اسٹاک ایکسچینج کا ایک گارڈ بھی شامل ہے۔پولیس کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق سب انسپکٹر سمیت6 افراد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے ہیں۔ فائرنگ سے4سیکیورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا۔ایک پولیس سب انسپکٹر محمد شاہد اور چار سیکیورٹی گارڈز شہید ہوئے ہیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ایس ایس پی مقدس حیدر کے مطابق سب انسپکٹر محمد شاہد، پولیس کانسٹیبل سعید اکرم اور سیکیورٹی گارڈ افتخار فضل بھی شہید ہوئے ہیں اور دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ابتدائی اطلاع کے مطابق مسلح افراد نے اسٹاک ایکسچینج میں داخل ہونے کی کوشش کی جن میں سے دو کو مرکزی گیٹ پر ہلاک کردیا گیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر چار افراد کار میں سوار ہو کر اسٹاک ایکسچینج کی حدود میں داخل ہوئے اور دو حملہ آوروں کو عمارت کے مرکزی گیٹ پر ہلاک کر دیا گیا تھا۔