سکیورٹی اداروں کی چند ہی گھنٹوں بعد ایک اور بروقت کاروائی، پاکستان کو بڑے نقصان سے بچالیا

شمالی وزیرستان(نیوز ڈیسک) شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر کے قریب پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں کو حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ اس حملے کا ناکام بنانے کے بعد بات کرتے ہوئے ڈی ایس پی اعظم خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے تحصیل سپین وام میں پاک افغان بارڈرکے قریب ٹی ٹی مداخیل کے علاقے میں قائم پولیس پوسٹ پر حملہ کیا مگر پولیس نے بھرپور اور بروقت جوابی کارروائی کرکے اسے ناکام بنادیا ہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی ایس پی اعظم خان کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں پولیس کا کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ حملہ آور دہشت گرد قریبی پہاڑیوں

مین فرار ہو گئے تھے، تا ہم ان کو گرفتار کرنے کے حوالے سے سیکیورٹی ٹیموں کی جانب سے گشت کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل آج صبح ملک دشمن عناصر کی امن خراب کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دستی بم حملے اور فائرنگ سے سب انسپکٹر سمیت 6 افراد شہید ہو گئے جب کہ 4 دہشت گرد مارے گئے۔ آج صبح پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر کاروباری ہفتے کے پہلے روز دہشت گردوں نے دستی بم کے ساتھ حملہ کیا، جسے اسٹاک ایکسچینج میں تعینات پولیس اہل کاروں اور سیکورٹی گارڈز نے ناکام کرتے ہوئے چاروں حملہ آوروں کو مار دیا، واقعے میں سب انسپکٹر شاہد اور 4 سیکورٹی گارڈز سمیت 6 افراد شہید ہو گئے جب کہ 3 اہل کار زخمی ہوئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی فائرنگ میں چار دہشت گرد مارے گئے ہیں، حملہ آوروں نے 10 بج کر 5 منٹ پر پانچ سے 7 منٹ تک فائرنگ کی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جب کہ زخمیوں کو سِول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا، ڈاکٹر خادم قریشی کا کہنا تھا اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ فوٹیج کے مطابق دہشت گرد نیلے رنگ کی کرولا کار میں آئے، چار دہشت گردوں نے مرکزی دروازے سے اندر داخل ہوتے ہوئے فائرنگ کی، تاہم سیکورٹی اہل کاروں نے جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد کو گیٹ پر ہی مار دیا اور دہشت گردوں کو عمارت کے اندر داخل نہیں ہونے دیا۔ دہشت گردوں سے برآمد ایمونیشن کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ وہ بڑی کارروائی کی غرض سے آئے تھے، ان کے پاس جدید ہتھیار، رائفل، کلاشن کوف، اور ہینڈ گرینڈز موجود تھے، تاہم بہادر سیکورٹی گارڈز نے ان کا حملہ ناکام بنایا۔