ماسٹر مائنڈ کون تھا؟پتہ لگالیا گیا

کراچی(نیوز ڈیسک)سیکیورٹی اداروں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے ماسٹر مائنڈ کا پتا لگا لیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم کا بشیر زیب نامی کمانڈر دہشتگرد حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ بشیر زیب ہلاک دہشتگرد اسلم اچھو کے بعد کمانڈر بنا تھا۔اسلم اچھو چائینز قونصلیٹ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ کالعدم تنظیم نے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘’را’’ کی فنڈنگ سے چائنیز قونصلیٹ پر حملہ کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے میں ‘’را’’ فنڈنگ کے شواہد ملے ہیں۔ دہشتگرد بشیر زیب اپنے ساتھی اللہ نظر کیساتھ افغانستان کے شہر قندھار میں ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ حملے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ معاملے کی تحقیقات شروع ہو چکی ہے۔ حملے کے ماسٹر مائنڈ تک پہنچا جائے گا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ پر دہشت گرد حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی جس کے مطابق دہشتگردوں کی شناخت تسلیم بلوچ، شہزاد بلوچ، سلمان اور سراج کے نام سے ہوئی ہے اور ان کی عمریں 25 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔ دہشتگرد باقاعدہ تربیت یافتہ تھے۔ واقعے میں استعمال شدہ گاڑی کی نمبر پلیٹ جعلی نکلی ہے جس کا انجن نمبر اور نمبر پلیٹ الگ الگ ہیں، گاڑی نجی بینک کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔خیال رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں دہشت گردوں کے حملے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے.تفصیلات کے مطابق 4 دہشت گرد ایک کارمیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے احاطے میں داخل ہوئے، گاڑی سے نکلتے ہی انہوں نے فائرنگ شروع کردی۔ اس موقع پر عمارت کی سیکیورٹی پر تعینات گارڈز اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی، جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ دستی بم پھینکے۔ فائرنگ کے تبادلے میں تمام دہشت گرد ہلاک جب کہ متعدد سیکیورٹی گارڈز جاں بحق اور زخمی ہوئے۔مجموعی طور پر 8 لاشوں اور 8 زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں 3 سیکورٹی گارڈ اورسندھ پولیس کا ایک سب انسپکٹر شامل ہے جب کہ چاروں دہشتگردوں کی لاشیں بھی سول اسپتال میں ہی لائی گئی ہیں۔ چاروں دہشتگردوں نے ٹی شرٹ ، جینز اور ٹراؤزر پہنے ہوئے تھے، دہشتگردوں کی جیبوں سے شناخت کی کوئی چیز نہیں نکلی ، حملہ آوروں کی عمریں 22 سال سے 28 برس کے درمیان ہیں۔دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 سے 3 مشتبہ افراد کو پولیس نے جائے وقوعہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔