متحدہ عرب امارات دنیا میں اپنا ایٹمی پاور پلانٹ لگانے والاپہلا عرب ملک بن گیا

ابوظہبی(نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں عرب دنیا کے جوہری توانائی کے پہلے پاور پلانٹ نے کام کا آغاز کردیا ہے۔براکہ جوہری پاور پلانٹ ابو ظبی کے علاقے الظفرہ میں واقع ہے۔العربیہ نیوز کے مطابق یہ پاور پلانٹ ملک میں مصفا بجلی پیدا کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے اور یہ قریباً 60 سال تک یو اے ای کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرے گا۔یو اے ای کے وزیراعظم اور حاکمِ دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ہفتے کے روز ایک ٹویٹ میں عرب دنیا کے اس پہلے جوہری پاور پلانٹ کے چالو ہونے کا اعلان کیا ہے اور بتایا ہے کہ اس کے چار یونٹوں میں سے پہلے یونٹ میں کامیابی سے جوہری ایندھن بھر دیا گیا ہے۔

ان کے بہ قول یہ عرب دنیا میں جوہری توانائی کا پہلا پْرامن ری ایکٹر ہے۔یو اے ای دنیا میں محفوظ ، صاف اور قابلِ اعتماد بجلی کے حصول کے لیے جوہری توانائی کا پلانٹ نصب کرنے والا دنیا کا تینتیسواں ملک ہے۔براکہ جوہری پاور پلانٹ جب اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ چالو حالت میں ہوگا تو اس سے 6.5 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ یہ ایک ماحول دوست منصوبہ ہے اور اس سے ہر سال دو کروڑ دس لاکھ ٹن کاربن کے اخراج کی بچت ہوگی، یعنی اتنی مقدار میں کاربن گیسوں کا اخراج نہیں ہوگا۔یہ مقدار یو اے ای کی شاہراہوں پر دوڑنے والی سالانہ 32 لاکھ کاروں کو ہٹانے کے مترادف ہے۔امارات کی جوہری توانائی کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) محمد الحمادی کا کہنا ہے کہ ”براکہ جوہری توانائی پاور پلانٹ اب ملک کی ترقی کا انجن بن گیا ہے۔یہ یو اے ای کی بجلی کی 25 فی صد ضروریات کو پورا کرے گا جبکہ اس سے کوئی کاربن گیس خارج نہیں ہوگی۔اس منصوبے سے معاشی تنوع میں مدد ملے گی اور جوہری توانائی کی مقامی پائیدار صنعت کے قیام اور سپلائی سیاعلیٰ قدری اہمیت کے حامل روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔“وام کے مطابق اس پلانٹ کے نظام کی آیندہ مہینوں کے دوران میں مسلسل نگرانی کی جائے گی۔آیندہ چند ماہ کے دوران میں اس کے معیار کی جانچ کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ یہ تمام ریگولیٹری تقاضوں کے علاوہ تحفظ ، معیار اور سلامتی کے اعلیٰ بین الاقوامی معیارات پر پورا اْترے۔“

اپنا تبصرہ بھیجیں