حج و عمرہ کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری، سعودی حکام نے شاندار اعلان کردیا

ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وبا کے باعث فی الحال عمرہ زائرین کی آمد پر پابندی عائد کی گئی ہے ،جبکہ اس بار حج بھی مملکت میں مقیم افراد کی مختصر سی گنتی نے ادا کیا۔ تاہم اگلے عمرہ سیزن اور حج کے لیے سعودی حکومت نے ایک شاندار منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے جس کی بدولت عمرہ و حج زائرین کا جدید ترین سہولتیں دی جائیں گی۔اُردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی نے اپنی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے کی تیاری شروع کردی ہے۔نئے ہجری سال کے آغاز پر 2024-2020 ماسٹر پلان جاری کیاجائے گا۔

یہ پریذیڈنسی کی تاریخ میں سب سے بڑا ہوگا- اس کی بدولت کام کا طریقہ مکمل طور پر تبدیل ہوجائے گا۔ پریذیڈنسی کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے منصوبہ بندی اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی کوآئندہ حج موسم اور عمرہ موسم کے لیے جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔تمام ادارے مل کر جامع سکیمیں تیار کریں گے۔السدیس نے جنرل پریذیڈنسی کے تمام عہدیداروں سے کہا ہے کہ ’وہ اپنی کارکردگی کو بہتر، موثر اور جدید تر بنائیں- ڈیجیٹل کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط کریں۔ افرادی قوت تیار کریں۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے تمام کارکنان کے لیے سپیشل کورس کی تعداد اور معیار کو بڑھائیں‘۔انہوں نے کہا کہ ’خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مقدس مساجد کی توسیع اور تجدید کے لیے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ حج، عمرہ زائرین کو جدید تر مکمل سہولتیں مہیا ہوں‘۔مقدس مساجد کی انتطامیہ ان دنوں آئندہ عمرہ موسم، رمضان موسم اور حج موسم کے لیے تمام سکیمیں تیار کرنے میں لگی ہوئی ہے۔یاد رہے کہ انتظامیہ کی روایت ہے کہ عبادت کا ایک موسم ختم ہوتے ہی اگلے موسم کی تیاریاں شروع کردی جاتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں