سعودی حکومت کا حجاج کرام کو طواف وداع کے بعد 14 دن قرنطینہ میں رہنے کا حکم

مکہ مکرمہ(نیوز ڈیسک)سعودی حکومت نے حجاج کرام کو طواف وداع کے بعد 14 دن تک قرنطینہ میں رہنے کا حکم دے دیا ہے، طوافِ زیارہ کے بعد حجاج کرام کو قرنطینہ کیلئے ہوٹلز میں منتقل کردیا جائےگا، جبکہ باقی حجاج اپنے گھروں میں 14 روز قرنطینہ میں رہیں گے۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت نے حجاج کرام کو طواف وداع کے بعد 14 دن تک قرنطینہ میں رہنے کا حکم دے دیا ہے۔جس کے تحت بعض حجاج کو قرنطینہ کیلئے ان کی مخصوص جائے اقامت ہوٹلز یا دیگر جگہوں میں منتقل کیا جائے گا۔ اسی طرح باقی حجاج کرام جو کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں قیام پذیر

یا رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ان کیلئے اپنے علاقوں میں اپنے گھروں میں 14 روز تک قرنطینہ رہنا لازمی ہوگا۔خیال رہے حجاج کرام مناسک کی تکمیل کے بعد اب بیت اللہ کا طوافِ وداع کررہے ہیں۔قبل ازیں حاجیوں کو منیٰ سے خصوصی گاڑیوں کے ذریعے جمرات لایا گیا تھا۔ جمرات میں حاجیوں نے سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے تیسری بار شیطان کو سینیٹائز کی ہوئی کنکریاں ماریں اور دعائیں کی تھیں۔ اس کے بعد انہیں الوداعی طواف کیلئے مسجد الحرام لایا گیا۔ ’’طواف زیارہ‘‘ کے بعد ان کے مناسکِ حج کی تکمیل ہوجائے گی۔ دوسری جانب کہا گیا ہے کہ حج کے دوران مقامات مقدسہ میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔حجاج کے صحت کی صورتحال تسلی بخش رہی ہے اور اس بار حج کے دوران صحت عامہ کا مسئلہ نہیں رہا۔ رواں برس کورونا وباء کی وجہ سے حج کے لیے خصوصی انتظامات اور سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی تھیں، مذہبی فریضے کی ادائیگی کے لیے اس سال سعودی شہری اور غیر ملکی تارکین وطن میں سے 10 ہزار حاجیوں کو طبی معائنے کے بعد منتخب کیا گیا تھا۔ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے بیت اللہ میں روزانہ کی بنیاد پر 2 ہزار 400 لیٹر سینی ٹائزر استعمال کیا گیا جس میں سے 1 ہزار 500 لیٹر جراثیم کش محلول سے مطاف کا صحن اور بقیہ 900 سے عمارت کو صاف کیا جاتا جس کے بعد ایک ہزار لیٹر خوشبودار محلول کا چھڑکائو کیا جاتا جس سے کعبہ کے در و دیوار مہک اٹھتے۔خانہ کعبہ میں جراثیم کش محلول اور بعد ازاں خوشبو دار محلول سے صاف کرنے کے لیے 3 ہزار 500 سے زائد عملہ مستعد تھا، یہ عمل دن میں تقریباً دس بار دہرایا جاتا تھا اور حج کے دنوں میں مجموعی طور پر 54 ہزار جراثیم کش محلول استعمال ہوا جس کے لیے 90 جدید مشینری استعمال ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں