کوروناوبا کے باعث عمان میں مقیم ہزاروں بھارتی نوکریوں سے فارغ

مسقط(نیوز ڈیسک) کورونا کی وبا نے دُنیا بھر میں مقیم لاکھوں بھارتیوں کی معاشی اعتبار سے کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ خلیجی ممالک سے کئی لاکھ بھارتی ملازمتیں ختم ہونے کے باعث واپس بھارت جا چکے ہیں، جبکہ مستقبل میں بھارتی معیشت کو ایک ااور بڑا جھٹکا لگنے والا ہے جب کویت کی جانب سے اگلے چند ماہ میں 8 لاکھ کے قریب بھارتی ملازمین کو نکال دیا جائے گا۔خلیجی ممالک میں مقیم 50 لاکھ سے زائد بھارتی باشندوں کی کمائی نے بھارت کی معیشت کو بڑ اسنبھالا دے رکھا تھا۔ لاکھوں افراد کی وطن واپسی سے بھارت کو اقتصادی طور پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔

ایک خلیجی اخبار کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا نے عمان میں مقیم 60 ہزار سے زائد بھارتیوں کو بے روزگار اور کنگال کر کے رکھ دیا ہے جو فوری طور پر وطن واپسی کے منتظر ہیں۔تاہم بھارت کی جانب سے عمان کے لیے فلائٹس آپریشنز میں تیزی نہیں لائی گئی، جس کی وجہ سے عمان میں روزگار کی غرض سے رہائش پذیر بھارتی شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ عمان میں مقیم ایک بھارتی شہری وجے مینن نے بتایا کہ کورونا کی وبا نے عمان میں ہزاروں بھارتیوں کو بے پناہ مشکلات میں دھکیل دیا ہے، اس نے اپنے گھر والوں کو پہلے ہی بھیج دیا گیا۔کورونا بحران کے باعث اس نے عمان میں 20 سالوں کے دوران جو کچھ کمایا تھا، سب اُجڑ گیا۔ یہاں تک کہ اسے اپنی گاڑی کے علاوہ فرنیچر، الیکٹرونکس کا سامان اور کپڑے تک بیچنے پڑ گئے۔ وجے کا کہنا تھا کہ ابھی پتا نہیں اور کتنا عرصہ کورونا کی وبا چلے گی۔ تاہم گزشتہ چند مہینوں کے دوران ہی سینکڑوں کمپنیاں اور ادارے ہزاروں بھارتی تارکین کو نوکریوں سے نکال چکے ہیں۔ لگتا نہیں کہ عمان میں معاشی سرگرمیاں اتنی جلدی بحال ہو جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں